Skip to content

Launching Ceremony of Ehsas Hunar, on the Job Training and Other Projects (CM Awami Agenda)

  • by

خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو ہنر مند اور باروزگار بنانے کے لئے صوبائی حکومت کا اہم اقدام۔ نوجوانوں کو جدید فنی تربیت اور روزگار فراہم کرنے کے لئے 4 اہم پروگراموں کا اجراء
وزیراعلی ہاؤس پشاور میں خیبر پختونخوا ٹیوٹا کے زیر انتظام احساس ہنر پروگرام اور دیگر سکیموں کے اجراء کی تقریب، وزیراعلی علی امین خان گنڈاپور کی بحیثیت مہمان خصوصی تقریب میں شرکت
چار(4) ارب روپے کی لاگت سے شروع کیے گئے احساس ہنر پروگرام پر اخوت مائیکرو فنانس کے ذریعے عمل درآمد کیا جائے گا۔ پروگرام پر عمل درآمد کےلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 2 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پروگرام کے تحت ہنر مند نوجوانوں کوکاروبار کیلئے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔ صوبے کے 35 ہزار سے زائد ہنر مند نوجوان پروگرام سے مستفید ہوں گے۔

 

رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ آئی ایف اے ڈی اور یورپین یونین کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ پروگرام کا تخمینہ لاگت 11.4 ارب روپے ہے جس کے تحت دیہی علاقوں کے 60 ہزار نوجوان مرد و خواتین کو مفت ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ دی جائے گی۔ خود روزگاری کے فروغ کےلئے 42 ہزار ہنر مند نوجوانوں کو فی کس اوسطاً 300 ڈالر مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ 25 ہزار پاس آؤٹ نوجوانوں کو انٹرن شپ اور ملازمت کےلئے سپورٹ کی فراہمی بھی پروگرام کا حصہ ہے۔ علاوہ ازیں نوجوانوں کو اسکلز ڈویلپمنٹ کےلئے تکنیکی اور مالی تعاون بھی فراہم کیا جائے گا۔

 

جی آئی زیڈ یورپین یونین کے مالی تعاون سے صوبے کے منتخب ٹیکنیکل ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹس کی اپگریڈیشن کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی نوشہرہ اور ایبٹ آباد کو سنٹر آف ایکسیلنس میں اپگریڈ کیا جائے گا۔ اسی طرح مختلف اضلاع کے 22 ٹیکنیکل اداروں کو ماڈل انسٹیٹیوٹس میں آپ گریڈ کیا جائے گا۔ اس کے علاؤہ 9 مختلف انسٹیٹیوٹس کو ڈی اے ای لیول ۔5 کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔

 

ٹیوٹا کے پاس آؤٹ نوجوانوں کےلئے 177 ملین روپے کی لاگت سے آن جاب ٹریننگ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت 3 ہزار سے زائد نوجوانوں کو مرحلہ وار صنعتوں میں کھپایا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 168 طلبہ مستفید ہوں گے جن کو 3 ماہ کےلئے ماہانہ 15 ہزار روپے فی کس وظیفہ دیا جائے گا۔ پروگرام کے پہلے مرحلے پر 7.56 ملین روپے لاگت آئے گی۔

تقریب سے وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کا خطاب

 نوجوان قوم کا اثاثہ ہیں اور ان سے پوری قوم کی امیدیں وابستہ ہیں، موجودہ صوبائی حکومت بانی چئیرمین کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے انہیں با روزگار بنانا لازمی ہے، علی امین خان گنڈاپور

نوجوانوں کو با روزگار اور بااختیار بنائیں گے تو ہم ایک خوددار اور خود مختار قوم بنیں گے، صوبائی حکومت نے اس مقصد کے لئے متعدد پروگرامز شروع کئے ہیں، احساس ہنر پروگرام اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، علی امین خان گنڈاپور

تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تربیت انتہائی اہم ہے، بدقسمتی سے ماضی میں فنی تعلیم کے شعبے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی، ہمارے بچے ڈگریاں تو حاصل کرتے ہیں لیکن وہ ڈگریاں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ نہیں ہوتیں، ہم نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ڈگریاں دینے پر کام کر رہے ہیں، علی امین خان گنڈاپور

ہمارے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، حکومت سب کو سرکاری ملازمتیں نہیں دے سکتی لیکن نجی شعبوں میں انہیں مواقع فراہم کر سکتی ہے، صوبائی حکومت نوجوانوں کو مواقع فراہم کرے گی، نوجوان ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں، علی امین خان گنڈاپور

موجودہ صوبائی حکومت کی کوششوں سے صوبے کی آمدن میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے، ہم اپنی آمدن بڑھا کر اپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کریں گے، ہم جن محرومیوں کا شکار ہوئے ہیں وہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لئے نہیں چھوڑ کر جائیں گے، علی امین خان گنڈاپور

نوجوان محنت کو اپنی عادت بنائیں، کامیابی کے لئے محنت کا کوئی نعم البدل نہیں، نوجوان دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف اپنے لئے روزگار پیدا کریں بلکہ ملکی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈالیں، علی امین خان گنڈاپور